لندن: برطانوی اخبار دی گارڈین نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے چہروں کی شناخت (فیشل ریکگنیشن) اور تجزیے کے لیے 35 لاکھ فلسطینی شہریوں کی تصاویر امریکی ٹیک کمپنی ایمیزون کے کلاؤڈ پلیٹ فارم پر منتقل کی تھیں۔
لیک ہونے والی دستاویزات اور فوجی ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ تصاویر 2024 کے اوائل میں اسرائیلی فوج کے ایک خصوصی شعبے "رولنگ اسٹون” کی جانب سے تل ابیب کے قریب واقع ایمیزون کے ڈیٹا سینٹر میں منتقل کی گئیں۔ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں کا وسیع ڈیٹا بیس رکھنے والے اس شعبے نے ایمیزون کو آگاہ کیا تھا کہ وہ کمپنی کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی تصویری تجزیاتی سروس "ریکگنیشن” کو چہروں کی شناخت کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیلی زمینی حملے کے بعد فوجی چوکیوں سے گزرنے والے بے گھر فلسطینیوں کی باقاعدگی سے تصاویر اتاری جاتی رہیں، جنہیں بعد ازاں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے فوجی ڈیٹا بیس سے ملا کر مزاحمتی تنظیموں حماس اور اسلامی جہاد کے مشتبہ ارکان کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا گیا۔
اخبار کے مطابق اسرائیل نے 2021 میں ایمیزون اور گوگل کے ساتھ طے پانے والے اربوں ڈالر کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ معاہدے "پروجیکٹ نمبس” کے تحت حساس انٹیلی جنس اور عسکری ڈیٹا بھی ایمیزون ویب سروسز پر منتقل کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2024 میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ "+972 میگزین” اور "لوکل کال” کی مشترکہ تحقیقات میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں فضائی حملوں کے ممکنہ اہداف کے طور پر 37 ہزار فلسطینیوں کی نشاندہی کے لیے "لیونڈر” نامی اے آئی سسٹم استعمال کیا۔ انٹیلی جنس افسران کے حوالے سے ان رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ فوجی کمانڈروں نے نچلے درجے کے مشتبہ ارکان کو نشانہ بنانے کے لیے ایسے حملوں کی بھی اجازت دی جن میں 15 سے 20 عام شہریوں کی ہلاکت کا خدشہ موجود تھا۔
مزید برآں "وئیرز ڈیڈی؟” نامی ایک اور خودکار نظام کے ذریعے مشتبہ افراد کا تعاقب کر کے انہیں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گھروں میں اہلِ خانہ کے ساتھ موجود ہوتے تھے، جس کے نتیجے میں خاندان کے دیگر افراد بھی جاں بحق ہوئے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کی غلط شناخت کے باعث متعدد بے گناہ شہریوں کو ناحق حراست میں لیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے چہروں کی شناخت کے لیے 35 لاکھ فلسطینیوں کی تصاویر ایمیزون کلاؤڈ پر منتقل کیں: برطانوی اخبار دی گارڈئین

