دبئی (ویب ڈیسک)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی فاسٹ بولر گرنور برار کو باضابطہ سرزنش کرتے ہوئے ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ واقعہ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ کے 12ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب 25 سالہ گرنور برار نے نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر ٹم سائیفرٹ کو آؤٹ کرنے کے بعد انتہائی جارحانہ انداز میں جشن منایا اور بیٹر کو واپس پویلین جانے کا اشارہ (سینڈ آف) کیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بولر کا یہ طرزِ عمل بیٹر کی توہین کے زمرے میں آتا ہے اور اس سے مخالف کھلاڑی اشتعال میں آ سکتا تھا۔ گرنور برار کو کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 (لیول ون) کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔
فیلڈ امپائرز کرس براؤن اور کمار دھرماسینا، تھرڈ امپائر پال رائفل اور فورتھ امپائر وین نائٹس نے گرنور برار پر یہ چارج عائد کیا۔ بھارتی بولر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری رنجن مدوگالے کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
گزشتہ 24 ماہ کے دوران گرنور برار کی یہ دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں بھارت کو 244 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی، تاہم پانچ میچوں کی سیریز بھارت نے 1-3 سے اپنے نام کی۔


