لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس ایک خاموش دشمن ہے، جس پر بروقت احتیاط، عوامی آگاہی اور نظم و ضبط پر مبنی صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکتا ہے۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری کے خلاف مزید مؤثر اور ٹھوس اقدامات کی متقاضی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک میں ذیابیطس کا تیز رفتار پھیلاؤ یقیناً تشویش کا باعث ہے، تاہم حکومت اور عوام کی اجتماعی کوششوں کے ذریعے اس موذی مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معیاری صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومتِ پنجاب یہ حق عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو مفت انسولین کٹس ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں، جبکہ ذیابیطس سمیت دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے لاکھوں میڈیسن باکس بھی ان کی دہلیز پر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات گھر بیٹھے میسر آ سکیں۔
مریم نواز شریف نے شہریوں پر زور دیا کہ ایک ذمہ دار اور اچھے شہری ہونے کے ناطے ہر فرد اپنی صحت کا خود محافظ بنے اور صحت مند طرزِ زندگی کو اختیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی ورزش اور بلڈ شوگر کا مسلسل معائنہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کی بنیادی کنجی ہیں۔
آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ذیابیطس کے خلاف یہ جنگ محض حکومت کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور عوام میں شعور بیدار کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے سے اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھرپور مدد مل سکتی ہے۔
ذیابیطس خاموش دشمن، احتیاط، صحت مند طرز زندگی سے قابو پایا جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا عالمی دن پر پیغام

