نیو اورلینز :امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر نیو اورلینز میں جمعہ کو ایک ٹینکر جہاز دریائے مسیسیپی کے کنارے لنگر انداز ایک پرتعیش مسافر بردار کروز شپ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کروز شپ الٹ کر دریا میں ڈوب گیا اور درجنوں مسافر پانی میں جا گرے۔
نیو اورلینز کی میئر ہیلینا مورینو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس واقعے میں تمام افراد کے محفوظ رہنے کو دریائے مسیسیپی پر ایک معجزہ قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکن کروز لائنز کے جہاز امریکن ہیریٹیج پر حادثے کے وقت تقریباً 180 سے 190 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔
میئر کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 32 مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم ان میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
میئر ہیلینا مورینو نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ دوپہر کے وقت اس وقت پیش آیا جب اٹلانٹک اسفالٹ نامی ٹینکر جہاز بے قابو ہو کر گودی پر کھڑے مسافر بردار جہاز سے ٹکرا گیا۔
تصادم کے بعد مسافروں نے تیزی سے جہاز سے اترنے کی کوشش کی تاہم کروز شپ ڈوبنا شروع ہو گیا اور بالآخر الٹ کر پانی میں غرق ہو گیا، جس سے متعدد افراد دریا میں گر گئے۔
حادثے کے فوراً بعد بندرگاہ کے عملے، فائر فائٹرز اور موقع پر موجود شہریوں کی بروقت امدادی کارروائیوں کے باعث جہاز پر سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اور اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

