ہنگورجا (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)
ہنگورجا کے قریب گاؤں رکرانی سہتا میں رہائش پذیر غریب مارواڑی برادری کے کچے گھروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس ہولناک واقعے کے نتیجے میں متعدد خاندانوں کا لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا، جبکہ متاثرہ افراد شدید سردی میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔آتشزدگی کے اس دلخراش واقعے سے متاثر ہونے والوں میں بختون، شبیر، سدھیر، هرچند، دلیپ اور بلو سمیت دیگر کئی غریب خاندان شامل ہیں۔ ان کے گھروں میں موجود کپڑے، بستر، قیمتی اناج اور روزمرہ زندگی کی تمام ضروری اشیاء مکمل طور پر جل چکی ہیں، جس سے انہیں ناقابل تلافی مالی نقصان پہنچا ہے۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے مکینوں اور متاثرہ خاندانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی اور دیگر دستیاب ذرائع سے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی۔ تاہم، افسوسناک امر یہ ہے کہ بروقت اطلاع دینے کے باوجود فائر بریگیڈ کی کوئی بھی گاڑی جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی، جس کی وجہ سے آگ بے قابو ہو گئی اور زیادہ سے زیادہ نقصان کا سبب بنی۔متاثرہ مارواڑی خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں، اسسٹنٹ کمشنر، مختیارکار اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:اس المناک واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے۔سرکاری سطح پر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے۔متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر مالی امداد، راشن اور رہائش یا خیمے فراہم کیے جائیں تاکہ بے گھر ہونے والے خاندان دوبارہ اپنے گھر تعمیر کر کے معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔


