ریاض:(بے نقاب نیوزرپورٹ)
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حالیہ میزائل و ڈرون حملوں کے تناظر میں، برطانیہ نے سعودی عرب میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں۔ریاض میں برطانوی سفارت خانے اور جدہ میں برطانوی قونصل خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنائے جانے کے بعد زمین پر گرنے والا ملبہ (Debris) عام شہریوں اور املاک کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خطرے کی صورت میں فوری طور پر کسی پکی عمارت کے اندر چلے جائیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔حملے یا الرٹ کی صورت میں گھر یا عمارت کے ایسے حصوں میں پناہ لیں جہاں بیرونی دیواریں اور کھڑکیاں کم ہوں، یا اندرونی سیڑھیوں کے قریب کا علاقہ زیادہ محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔برطانوی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سعودی سول ڈیفنس اور مقامی سیکیورٹی حکام کے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل کریں۔ فضائی سفر کرنے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل پروازوں کی صورتحال اور بکنگ سے متعلق معلومات لازمی چیک کریں۔حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر برطانوی شہری مقامی میڈیا اور سفارتی الرٹس پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

