روم:(بے نقاب نیوزرپورٹ)
اٹلی میں اس وقت شدید سکیورٹی الرٹ نافذ ہے جب ملک بھر کے لگ بھگ 6,300 تعلیمی اداروں کو ای میلز کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ ان دھمکیوں کے بعد متعدد تعلیمی عمارتیں فوری طور پر خالی کرا لی گئیں، جس سے طلباء، والدین اور اساتذہ میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اور دیگر اعلیٰ سکیورٹی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ تفتیش کے دوران کسی بھی اسکول سے کوئی مشکوک یا خطرناک مواد برآمد نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تمام دھمکیاں محض خوف و ہراس پھیلانے کی ایک سوچی سمجھی سازش اور افواہ ثابت ہوئی ہیں۔ وزیرِ دفاع نے اس واقعے کو معاشرے میں بے چینی پھیلانے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔
ملک کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور سائبر کرائم کے ادارے اس بات کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں کہ یہ دھمکی آمیز ای میلز کس مقام اور نیٹ ورک سے ارسال کی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق ان ای میلز میں مبینہ طور پر وزیراعظم جارجیا میلونی کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ جعلی بم دھمکیوں کا یہ سلسلہ صرف اٹلی تک محدود نہیں رہا، بلکہ اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ اور جمہوریہ آئرلینڈ کے سیکڑوں اسکولوں کو بھی اسی نوعیت کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ متعلقہ ممالک کی پولیس نے ان تمام دھمکیوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے، جبکہ یورپی سکیورٹی ادارے اسے حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی ہائبرڈ وارفیئر اور سائبر سکیورٹی کے چیلنجز کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

