تحریر: نفیس احمد آرائیں
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتاہے
کونجوں کی ہزاروں میل طویل ہجرت، سندھ اور پنجاب میں غیر قانونی شکار کا بڑھتا رجحان اور ہماری اجتماعی بے حسی
کونج محض ایک پرندہ نہیں بلکہ فطرت کا حسین شاہکار، قدرتی حسن کی علامت اور ہزاروں میل پر محیط ایک حیرت انگیز ہجرتی سفر کی زندہ مثال ہے۔ یہ پرندے سائبیریا سے اپنے سفر کا آغاز کرتے ہیں، منگولیا اور بحیرۂ اسود کے علاقوں سے گزرتے ہوئے شمالی چین سمیت مختلف خطوں کو عبور کرتے ہیں اور پھر خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، سندھ اور بلوچستان کی سرزمین پر پہنچتے ہیں۔ ان کا ہجرتی سفر آگے چل کر راجستھان، گجرات اور وسطی ہندوستان تک پھیل جاتا ہے۔
یہ ننھی جانیں ہزاروں میل کی مسافت، دشوار گزار راستوں، موسمی شدت اور قدرتی خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے ہر سال اپنی منزل تک پہنچتی ہیں۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ اتنے طویل سفر کے دوران قدرتی خطرات سے محفوظ رہنے والے یہ مہمان پرندے جب ہماری دھرتی پر قدم رکھتے ہیں تو بعض مقامات پر انہیں انسانی سفاکیت، بندوقوں اور شکاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذرا تصور کیجیے! اگر کوئی کونج شاہ عبداللطیف بھٹائی، وارث شاہ، رحمان بابا اور مست توکلی کی دھرتی پر آکر شکار کر لی جائے تو اس سے بڑی بدقسمتی اور شرم کا مقام کیا ہوگا؟ یہ وہ خطے ہیں جن کی تہذیب، شاعری، ثقافت اور روایات میں محبت، امن، رواداری اور مہمان نوازی کے چراغ روشن دکھائی دیتے ہیں، مگر ان ہی سرزمینوں پر مہمان پرندوں کا بے دریغ شکار ہماری اجتماعی سوچ اور اخلاقی اقدار پر سوالیہ نشان ہے۔
ہماری قومیں مہمان نوازی کے دعوے کرتے نہیں تھکتیں۔ اپنی ثقافت، روایات اور مہمانوں کی عزت و تکریم کو اپنی پہچان قرار دیتی ہیں، لیکن جب قدرت کے یہ بے زبان مہمان ہزاروں میل کا سفر طے کرکے ہمارے ہاں پناہ لینے پہنچتے ہیں تو انہیں تحفظ دینے کے بجائے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کیا یہی ہماری تہذیب ہے؟ کیا یہی مہمان نوازی ہے؟ کیا ہماری ثقافتی اقدار صرف انسانی مہمانوں تک محدود ہیں؟
اس کے برعکس راجستھان اور بھارتی پنجاب کے بعض علاقوں میں ان ہجرتی پرندوں کی آمد کو خوش آئند سمجھا جاتا ہے۔ ان کے لیے خوراک کا انتظام کیا جاتا ہے، دانہ جمع کیا جاتا ہے اور ان کی آمد کو ثقافتی تقریبات اور تہواروں کے ذریعے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ وہاں ان پرندوں کو قدرت کا تحفہ اور ماحول کا اہم حصہ تصور کیا جاتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ جب دوسرے خطوں کے لوگ ان بے زبان مہمانوں کے تحفظ اور خوراک کا اہتمام کرسکتے ہیں تو سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے لوگ ایسا کیوں نہیں کرسکتے؟ ہماری سرزمین تو صوفیاء، درویشوں اور انسان دوستی کا درس دینے والے عظیم شعرا کی سرزمین ہے۔ پھر ہماری عملی زندگی میں یہ بے رحمی اور سفاکیت کیوں؟
حکومتِ سندھ، محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کونجوں سمیت تمام ہجرتی پرندوں کے غیر قانونی شکار کے خلاف مؤثر کارروائی کریں، شکاریوں کے خلاف قانون کا نفاذ یقینی بنائیں اور ان کے قدرتی مسکن کو محفوظ بنائیں۔ محض پابندیوں کے اعلانات کافی نہیں، عملی اقدامات اور مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔
یاد رکھیے! پرندے فطرت کا زیور ہیں، ان کی چہچہاہٹ ماحول کی خوب صورتی اور ان کی موجودگی قدرتی توازن کی ضمانت ہے۔ ان کا قتل صرف ایک جاندار کی ہلاکت نہیں بلکہ قدرتی ورثے اور آنے والی نسلوں کے حق پر بھی ڈاکا ہے۔
آخر میں ایک تلخ سوال!
مہمان نوازی کے دعوے کرنے والی قوموں کی اصل پہچان ان کے نعروں سے نہیں بلکہ ان کے کردار سے ہوتی ہے۔ جو قوم ہزاروں میل کا سفر طے کرکے آنے والے بے زبان مہمانوں کو تحفظ نہیں دے سکتی، اسے اپنی تہذیب، ثقافت اور مہمان نوازی کے دعووں کا ازسرِنو جائزہ لینا چاہیے۔
کونجوں کو مار کر ہم اپنی مہمان نوازی کا نہیں، اپنی بے حسی اور اخلاقی زوال کا ثبوت دے رہے ہیں۔


