کوالالمپور:ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے 50 کروڑ ڈالر (نصف ارب ڈالر) کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد ملک میں سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے فوراً بعد درکار مالی وسائل کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے نشاندہی کی ہے کہ پاکستان کو قدرتی آفات کے باعث سالانہ اوسطاً 2 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے، جبکہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب سے ملک کو 14.9 ارب ڈالر کا براہِ راست اور 15.2 ارب ڈالر کا مجموعی معاشی دھچکا لگا تھا جس کے نتیجے میں 91 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے تھے۔ اے ڈی بی کے مطابق اس منصوبے سے آفت سے قبل ہنگامی اقدامات اور انسانی جانوں و روزگار کے تحفظ میں نمایاں مدد ملے گی۔

