مٹیاری رپورٹ عامر علی انڑ
نوجوان کے مبینہ اغوا، 80 ہزار روپے نقدی اور موٹر سائیکل چھیننے کا الزام، مغوی کے ورثاء کا احتجاج کا انتباہ
مٹیاری کے گاؤں گاھی خان لاکو کے رہائشی ہر ایک ٻڌو مجیدانو، غلام حیدر مجیدانو اور ندیم مجیدانو نے ہالا پہنچ کر صحافیوں کے سامنے فریاد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ آج صبح سویرے ان کے بھتیجے مشتاق مجیدانو اپنے رشتہ دار ندیم مجیدانو کے ہمراہ گاؤں میمن کی وسی سے بھینس فروخت کرنے کے 80 ہزار روپے وصول کرکے موٹر سائیکل پر واپس گاؤں آرہے تھے کہ راستے میں پہلے سے موجود اپنی ہی برادری کے بعض افراد نے انہیں روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور نقد رقم و موٹر سائیکل چھیننے کے بعد دونوں نوجوانوں کو زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی۔
ورثاء کے مطابق مزاحمت کے دوران ندیم مجیدانو موقع سے فرار ہوکر گاؤں پہنچنے میں کامیاب ہوگیا اور اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دی، جبکہ مشتاق مجیدانو مبینہ طور پر ملزمان کے قبضے میں چلا گیا۔
واقعے کے بعد مغوی کے ورثاء فوری طور پر مٹیاری تھانے پہنچے اور مبینہ ملزمان اللہ جڑیو، معشوق، سکندر اور ارباب مجیدانو کے خلاف ڈکیتی، تشدد اور اغوا کا مقدمہ درج کروایا۔ تاہم ورثاء کا کہنا ہے کہ واقعے کو چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود مٹیاری پولیس نہ تو نامزد ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائی کرسکی ہے اور نہ ہی مغوی نوجوان کو بازیاب کروایا جاسکا ہے۔
اس موقع پر مغوی مشتاق مجیدانو کے ورثاء نے خدشہ ظاہر کیا کہ مبینہ اغوا کاروں کی جانب سے دس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں نوجوان کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
مغوی کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی مٹیاری، ڈی ایس پی مٹیاری، ایس ایچ او مٹیاری سمیت علاقے کی بااثر شخصیات اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لے کر مغوی مشتاق مجیدانو کو بحفاظت بازیاب کروایا جائے اور مبینہ طور پر چھینی گئی نقد رقم اور موٹر سائیکل واپس دلوائی جائے۔
ورثاء نے خبردار کیا ہے کہ اگر مغوی نوجوان کو فوری طور پر بازیاب نہ کروایا گیا تو وہ اپنے بچوں اور اہل خانہ سمیت مٹیاری بائی پاس پر احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔


