سیالکوٹ/ڈسکہ: سیالکوٹ کے تھانہ صدر ڈسکہ میں متنازع واقعے کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کے خلاف نیا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے।
پولیس کے مطابق یہ مقدمہ جاں بحق محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر کی درخواست پر درج کیا گیا ہے। مدعی مقدمہ کا موقف ہے کہ ملزم کی ایماء پر متاثرہ خاندان کو سابقہ مقدمے سے دستبردار ہونے اور صلح کرنے کے لیے جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دی جا رہی تھیں، جس پر پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے ملزم مسٹر پتلو کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش قانون و انصاف کے تمام تقاضے بلا کم وکاست پورے کیے جائیں گے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔ مدعی مقدمہ کی درخواست پر 2 نامزد ملزمان انصر جٹ المعروف ’’مسٹر پتلو‘‘ اور اسکا بھائی کاشف بشیر نامزد ہے۔
مسٹر پتلو پر پہلے ہی دفعات 149، 148، 109، 188، 440، 431 اور 322 سمیت دیگر دفعات میں مقدمے پر عبوری ضمانت پر ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے ملزم مسٹر پتلو مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ پولیس تمام زاویوں سے کیس کی پیشرفت کا جائزہ لے رہی ہے۔
مقدمے میں صلح کے لیے دھمکیاں: تھانہ صدر ڈسکہ میں ملزم مسٹر پتلو کے خلاف مقدمہ درج، ملزم گرفتار

