پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نامعلوم مسلح افراد کا پولیس چوکی پر حملہ کر کے ایک اہلکار شہید جبکہ تین پولیس اہلکار لاپتہ ہیں۔
پولیس کے مطابق حملہ اتوار اور سوموار کی درمیانی شب، ہنگو کے مضافاتی علاقے میں پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ، جو مقامی طور پر شاہ الماس چیک پوسٹ کے نام سے جانی جاتی ہے، پر کیا گیا۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ہنگو صلاح الدین کنڈی نے بتایا کہ حملے میں کانسٹیبل فیروز علی ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔
انھوں نے کہا کہ واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا، تاہم وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد اغوا کیے گئے اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی پائی جاتی ہے۔
پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
ہنگو، شاہ الماس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید، 3 لاپتہ

