یروشلم: غزہ کی پٹی میں کثیر القومی فورس (ملٹی نیشنل فورس) کے قیام اور تعیناتی کے لیے تیاریاں پیشرفت کی جانب گامزن ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکومت نے امریکی قیادت میں 250 غیر ملکی اہلکاروں پر مشتمل فورس کو سرحد پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران غزہ کی سرحد کے قریب امریکی فوجیوں کے ہمراہ غیر ملکی فوجی حکام کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔ اس فورس کا مقصد غزہ کے اندرونی علاقوں میں سلامتی اور پولیسنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنا ہے۔
اب تک انڈونیشیا، مراکش، قازقستان، کوسوو، یوگنڈا اور البانیہ جیسے ممالک نے اس کثیر القومی فورس میں شمولیت اور تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ قازقستان کی جانب سے طبی و لاجسٹک معاونت اور کوسوو نے سیکورٹی و پولیسنگ کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
فورس کی باقاعدہ تشکیل میں تاخیر کی ایک اہم وجہ ترکیہ کا دباؤ ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے واشنگٹن پر اس بات کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ ان کی فوج کو بھی اس مشن کا حصہ بنایا جائے۔ تاہم، اسرائیلی دفاعی حکام اور تل ابیب حکومت ترکی کی شمولیت کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی فوج نے رفح کے قریب اسرائیلی فوج کی "غزہ ڈویژن” کے ساتھ واقع اپنے خصوصی ملٹری بیس پر عسکری گاڑیاں، بکتر بند اسکواڈ، فیلڈ میڈیکل اور جدید ہتھیاروں سے لیس گاڑیاں منتقل کرنا شروع کر دی ہیں۔
اسی منصوبے کے تحت رفح میں مسمار شدہ جگہ پر ایک نیا زون قائم کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ منصوبے کے مطابق سخت سیکورٹی اور اسرائیلی کلیئرنس کے بعد محدود تعداد میں فلسطینیوں کو اس کمپاؤنڈ میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ کثیر القومی فورس کے ابتدائی دستے اس زون کے اطراف کی سیکورٹی سنبھالیں گے۔
یادرہے صدر ٹرمپ نے گذشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو فون کرکے غزہ امن معاہدے پر پیشرفت کیلئے زور دیا تھا،
غزہ میں ملٹی نیشنل فورسز تعیناتی کی تیاریاں: اسرائیل نے 250 غیر ملکی اہلکاروں کی ابتدائی تعیناتی کی منظوری دے دی

