مٹیاری (بیورو رپورٹ: عامر علی انڑ)
مٹیاری کے علاقے ہالا میں کیبراڑی تھانے کی حدود میں خاصخیلی واٹر کے مقام پر سی آئی اے پولیس کی جانب سے ملاح برادری کے نوجوان حیدر ملاح کی گرفتاری کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ نوجوان کی گرفتاری پر مشتعل برادری کے افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے قومی شاہراہ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، مٹیاری سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حیدر ملاح کو حراست میں لیا تھا، جس کے ردعمل میں برادری کے افراد بڑی تعداد میں سڑک پر نکل آئے اور دھرنا دے کر قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل کر دی۔
احتجاج کی اطلاع ملتے ہی کیبراڑی تھانے کے ایس ایچ او مختیار احمد ڈیرو بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھلوانے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس اور مشتعل افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو بعد میں جھڑپ میں تبدیل ہو گئی۔
تاہم، کچھ دیر کی کشیدگی اورمظاہرین کے ساتھ بات چیت کے بعد پولیس نے بند قومی شاہراہ کو مکمل طور پر واگزار کرا کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ ملاح برادری کے بعض افراد منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث ہیں، اور گرفتار کیے جانے والے ملزم حیدر ملاح کو بھی منشیات فروشی کے الزام میں ہی حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ملاح برادری کے افراد نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان کے نوجوان کو بالکل بلاجواز اور جھوٹے الزام کے تحت گرفتار کیا ہے۔


