کراچی :عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹ میں تین روز تک سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد آج دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق قیمت میں اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 12 ہزار 136 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 58 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 53 ہزار 340 روپے پر پہنچ گئی۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 100 روپے مہنگی ہونے کے بعد 5 ہزار 488 روپے کی ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم فی اونس سونا اب بھی 4 ہزار ڈالر کی اہم نفسیاتی حد سے نیچے ہے۔

