پسرور ( محمد اشفاق بے نقاب نیوز اردو)
: پسرور کے تھانہ سبز پیر کی حدود میں سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس اہلکاروں پر مبینہ حملے، شدید تشدد اور سرکاری کارروائی میں رکاوٹ کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سابق چیئرمین یونین کونسلز سمیت کئی نمایاں اور اثر رسوخ رکھنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
موصولہ تفصیلات اور درج ایف آئی آر کے مطابق، کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے اور سرکاری اہلکاروں پر ہاتھ اٹھانے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 سمیت تعزیراتِ پاکستان (PPC) کی مختلف سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں پولیس اہلکاروں کے بیانات کو باقاعدہ طور پر قلمبند کر لیا گیا ہے اور اس کی روشنی میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تمام نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور قانون شکنی کرنے والوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


