لاہور کے علاقے میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ہیڈکوارٹرز کی عمارت سے جدید سرویلنس ڈرون ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ رات 12 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جب ڈرون جلو موڑ کی جانب سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی طرف آیا اور عمارت کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر نیچے گر گیا۔پولیس حکام کے مطابق ڈرون کے ذریعے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی مبینہ طور پر ریکی کی جا رہی تھی۔ ڈرون کے ساتھ منسلک کیمروں اور بیٹری کی لائٹس بھی آپریشنل تھیں۔ واقعے کے بعد ہیڈکوارٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سکیورٹی ٹیم نے ڈرون قبضے میں لے لیا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر دہشت گردی کی نیت سے ڈرون سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب بھیجا، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے واقعے کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست جمع کروا دی ہے۔

