خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حُسین لابر کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ای او انڈسٹری محمد عبداللہ، ڈسٹرکٹ آفیسر مارکیٹ کمیٹی شہباز وڑائچ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول افسران نے ڈپٹی کمشنر کو چاول، گھی، چینی، دالوں، پھلوں، سبزیوں، روٹی، بیکری آئٹمز اور ایل پی جی کی قیمتوں، روزانہ کی جانے والی انسپکشنز، عائد کردہ جرمانات اور مجموعی کارکردگی (پراگریس) پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حُسین لابر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رہیں بلکہ خود فیلڈ میں نکلیں۔ انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر پرائس چیکنگ اور انسپکشنز کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی ممکن ہو سکے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


