میاں چنوں (بیورو رپورٹ – عاصم کمال)
میاں چنوں ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک اور حادثہ پیش آ گیا ہے جہاں مال گاڑی کی دو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ اس ناگہانی واقعے کے باعث ریلوے ٹریک پر آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق حادثہ مال گاڑی کا کنڈا ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔ کنڈا ٹوٹنے کے نتیجے میں مال گاڑی کی دونوں بوگیوں کے پہیے ٹیڑھے ہو گئے، جس کی وجہ سے وہ پٹڑی سے نیچے اتر گئیں۔ حادثے کے وقت ٹرین پریم نگر کی طرف جا رہی تھی۔اطلاعات کے مطابق انجن اور دیگر بوگیاں اس حادثے کے بعد بوگیوں کے بغیر ہی آگے روانہ ہو گئیں۔ ریلوے حکام اور متعلقہ عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور تمام مسافر و عملہ محفوظ رہا ہے۔ ریلوے حکام کی جانب سے ٹریک کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔


