سیالکوٹ (بیورو رپورٹ)
سمبڑیال کے قریب دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بدبخت نے نومولود بچے کو پانی سے لبریز نہر میں پھینک دیا، جس کے نتیجے میں معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ سمبڑیال کے علاقہ ملکھانوالہ سے گزرنے والی نہر میں کسی نامعلوم ملزم نے نومولود بچے کو پھینک دیا۔ بچے کو نہر میں بہتا دیکھ کر مقامی لوگوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فوری طور پر نہر میں چھلانگیں لگا دیں اور بچے کو باہر نکالا، تاہم بدقسمتی سے معصوم بچہ پہلے ہی اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سمبڑیال کی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور نومولود بچے کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال منتقل کر دیا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔


