سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر و انفورسمنٹ صولت حیات وٹو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن، سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء، لٹریسی مراکز کی فعالیت اور چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سیالکوٹ میں بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن اور انہیں سوشل سکیورٹی کارڈز فراہم کرنے کا عمل کامیابی سے جاری ہے، اور اب تک 417 بھٹہ مزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔ ان کارڈز کے اجراء کا بنیادی مقصد بھٹہ مزدوروں کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کرنا اور حکومت پنجاب کی جانب سے مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے متعارف کروائی جانے والی مراعات کے ثمرات براہِ راست ان تک پہنچانا ہے۔اجلاس میں لٹریسی مراکز کے ذریعے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے اور چائلڈ لیبر (کم عمر بچوں کی مشقت) کے خاتمے سے متعلق امور پر بھی طویل غور کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم کے بہتر اور جدید مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ کم عمری میں فیکٹریوں یا بھٹوں پر محنت مزدوری کرنے کے بجائے تعلیمی اداروں کا رخ کریں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر و انفورسمنٹ صولت حیات وٹو نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن اور سوشل سکیورٹی کارڈز کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود، بچوں کی تعلیم کے فروغ اور چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط اور مشترکہ اقدامات کو ہر صورت یقینی بنائیں۔


