خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جوہرآباد میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں، سڑکوں، سیوریج کے منصوبوں اور سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل سکندر رانجھا، ایکسیئن ہائی وے، ایکسیئن واپڈا فیسکو، ایم ڈی واسا اور دیگر محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے جہاز چوک، کالج چوک، امام بارگاہ حُسینہ چوک، شوگر ملز روڈ، ڈی پی او ہاؤس اور سرکٹ ہاؤس روڈ کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے آصف ٹاؤن میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے ڈسپوزل ورکس اور شہر کے مختلف حصوں میں بچھائی جانے والی سیوریج لائنوں کے روٹس کا بھی معائنہ کیا۔متعلقہ افسران (ایکسیئن ہائی وے، پی ڈی پی، ایکسیئن واپڈا فیسکو اور ایم ڈی واسا) نے ڈپٹی کمشنر کو جاری منصوبوں، ڈسپوزلز اور سیوریج لائنوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام منصوبوں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور چیک اینڈ بیلنس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بعدازاں، ڈپٹی کمشنر نے جوہرآباد میلہ گراؤنڈ میں واقع سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں نئے تعمیر ہونے والے کرکٹ اسٹیڈیم، پچز، نیٹ پریکٹس ایریا، جم اور پارک کی جگہ کا معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سجاد حیدر نے اس موقع پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس آفیسر کو ہدایت کی کہ کرکٹ اسٹیڈیم کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ایونٹ کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔


