سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ نیکاپورہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے راہزنی اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں ملوث ایک خاتون سمیت تین رکنی خطرناک راہزن گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ناصرہ پروین (خاتون)، محمد ندیم اور وقاص احمد شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ ملزمان اسلحہ کے زور پر گھروں میں زبردستی داخل ہو کر وارداتیں کرتے تھے۔ ان وارداتوں میں ایک گھر سے شادی کے لیے تیار کیے گئے قیمتی طلائی زیورات اور ایک بزرگ شہری سے نقدی چھیننے کے واقعات بھی شامل ہیں۔پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں میں شہریوں سے لوٹے گئے مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے مالیت کے پانچ تولے طلائی زیورات (جن میں 4 چوڑیاں، 2 کڑے، 4 انگوٹھیاں اور ایک لاکٹ سیٹ شامل ہے) اور 1 لاکھ 15 ہزار روپے نقد برآمد کر لیے ہیں۔اس گرفتاری سے تھانہ نیکاپورہ میں درج راہزنی اور چھینا جھپٹی کے دو اہم مقدمات بھی ٹریس ہو چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار خاتون ملزمہ ناصرہ پروین اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، جبکہ دیگر دو ملزمان محمد ندیم اور وقاص احمد سے مزید تفتیش جاری ہے جس سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو اسلحہ کے بل بوتے پر لوٹنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی اور لوٹے گئے مال کی مکمل برآمدگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

