عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
سامارو: نصیر موڑ کے قریب گاؤں نظیر جکرو کی رہائشی تقریباً 35 سالہ ماروی زوجہ والجی، دختر ناگجی کولہی، جو پانچ معصوم بچیوں کی ماں بتائی جاتی ہیں، کی گھر میں مبینہ طور پر پھندا لگی لاش ملنے کی اطلاع پر سامارو پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سامارو تعلقہ اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈیوٹی پر لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث مبینہ طور پر گزشتہ تین گھنٹوں سے لاش اسپتال میں موجود رہی اور پوسٹ مارٹم میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب، متوفیہ کے بھائی کھیم چند ولد ناگجی کولہی، ساکن گاؤں غلام حیدر کپری، نے پولیس اور صحافیوں کو بتایا کہ ان کی بہن نے گھریلو پریشانیوں کے باعث خودکشی کی ہے اور وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں کروانا چاہتے۔
واقعے کی اصل وجوہات اور دیگر تفصیلات کی باضابطہ تصدیق متعلقہ حکام سے ہونا باقی ہے۔


