جنیوا/رام اللہ:
اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت کام کرنے والے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران انسانیت سوز مظالم، بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی حکام اور افواج نے مقبوضہ علاقوں میں منظم فوجی کارروائیوں اور آباد کاروں کی پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے فلسطینی آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں تشدد، جبری نقل مکانی اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے سنگین واقعات باقاعدہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، جنیوا میں اسرائیلی مشن نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی اور اسرائیل کے خلاف ایک طرفہ مہم قرار دیا ہے۔

