سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
ضلع سانگھڑ کے مختلف تھانوں کی حدود میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان ایک ہی روز میں 5 پولیس مقابلے اور اہم کارروائیاں عمل میں آئیں، جن کے نتیجے میں 4 رہزن اور موٹر سائیکل اسنیچرز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او ٹنڈوآدم عمران اختر چانڈیو نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مقابلے کے بعد 02 موٹرسائیکل اسنیچرز یاسر ولد بشیر احمد بھٹی اور مصطفی ولد گل تھیم کو زخمی حالت میں دبوچ لیا، جن کے قبضے سے 2 پسٹل برآمد کیے گئے۔دوسری کارروائی میں ایس ایچ او شہدادپور محمد حنیف مہر اور ان کے عملے نے رہزنی اور موٹر سائیکل اسنیچنگ میں ملوث ریاض علی ولد گل تھیم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ایک ٹی ٹی پسٹل برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل مقدمہ نمبر 395/2026 زیر دفعہ 401 اور 34 پی پی سی میں بھی ملوث ہے، جبکہ اس کے دو مسلح ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔تیسری کارروائی میں ایس ایچ او شاہ پورچاکر اسد نواز خاصخیلی نے پولیس پارٹی کے ہمراہ مقابلے کے بعد موٹرسائیکل اسنیچر جانی ولد محرم تھیم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ایک پسٹل برآمد کیا، جبکہ اس کے بھی دو مسلح ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزم مقدمہ نمبر 155/2026 زیر دفعہ 402 اور 34 پی پی سی میں نامزد ہے۔ادھر کھپرو پولیس کو بھی سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ کھپرو تھانہ پولیس قتل کے مقدمے (مقدمہ نمبر 118/2025 زیر دفعہ 302، 34 پی پی سی) کے مطلوب ملزم یونس بوذدار کی گرفتاری کے لیے پہنچی تو 6 مسلح افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہو گئے۔ اسی طرح قتل کے مقدمے کے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے گوٹھ فاضل شر جانے والی پولیس پارٹی پر 11 مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شدید مزاحمت کی، جس کے بعد وہ بھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے تمام زخمی ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



