سیالکوٹ:ـ سلیم احمد اعوان شیخو
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے قائداعظم لیبر ویلفیئر ہائیر سیکنڈری سکول سیالکوٹ کا دورہ کیا۔یہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی معیار اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ورکرز ویلفیئر فنڈز محمد اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ منشاء بٹ نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے سبق سنا۔ انہوں نے بچوں کی تعلیمی استعداد اور تدریسی سرگرمیوں میں دلچسپی کا جائزہ لیتے ہوئے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور جانفشانی سے ادا کریں تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
دورہ کے دوران نے منشاء بٹ نے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سنٹر میں زیر تعلیم بچوں کی مختلف سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور ابتدائی عمر میں بچوں کی تعلیمی و ذہنی نشوونما کے لیے مؤثر اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے ٹیبلو بھی پیش کیا، جسے صوبائی وزیر نے دیکھا اور بچوں کی صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا۔
ماحول کو سرسبز بنانے اور شجرکاری کے فروغ کے لیے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت نے سکولوں میں پودے بھی لگائے۔ انہوں نے سکولوں میں صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں سکولوں کے واش رومز کی ری ویمپنگ اور بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں، تاکہ طلبہ کو صاف ستھرا اور بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
بعد ازاں محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے اور دیگر ضروری خدمات کے بارے میں استفسار کیا۔
صوبائی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو معیاری تعلیمی اور طبی سہولیات کی فراہمی متعلقہ اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے ساتھ ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی مناسب سہولیات فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔


