واشنگٹن:ویب ڈیسک
امریکا میں ایک دلخراش اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک فٹبال میچ کے دوران ایک خاتون کی بے قابو گاڑی اچانک کھیل کے میدان میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچے سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب میدان میں فٹبال کا میچ جاری تھا اور تماشائیوں اور کھلاڑیوں کا ہجوم موجود تھا۔ اچانک ایک تیز رفتار کار حفاظتی حصار توڑتے ہوئے براہ راست کھیل کے میدان میں داخل ہو گئی اور وہاں موجود افراد کو اپنی زد میں لے لیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ حکام کے مطابق اس خوفناک تصادم میں ایک بچہ اور ایک بالغ شخص موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ حادثہ بریک فیل ہونے، غفلت یا کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما تھے۔ اس اندوہناک واقعے کے بعد کھیل کے اسٹیڈیم میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور میچ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

