تہران:
ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان میں انکشاف کیا گیا ہےکہ آبنائے ہرمز میں ایک اور بڑے تیل بردار جہاز کو سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں خوفناک آگ لگ گئی۔ ذرائع کے مطابق اس سپر آئل ٹینکر میں 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل موجود تھا۔پاسداران انقلاب کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس نوعیت کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے، جس سے خطے میں بحری جہاز رانی کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔پاسداران انقلاب کا مزید کہنا ہےکہ اس سپر آئل ٹینکر نے اپنے ٹریکنگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور وہ ممنوعہ علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ اس جہاز کو مبینہ طور پر امریکی فوج نے گمراہ کرکے اس خطرناک راستے سے گزرنے پر آمادہ کیا تھا۔واقعے کے بعد پاسداران انقلاب کی بحریہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہےکہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہے، اور ایران کے مقرر کردہ ضوابط اور سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہاں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے تمام جہازوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

