سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” وژن کے تحت اینٹی لٹرنگ سکواڈ نے شہر بھر میں صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔اگوکی روڈ اور میگ ٹاؤن کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کوڑا جلانے پر دو فیکٹری مالکان کو مجموعی طور پر 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ اینٹی لٹرنگ سکواڈ نے گندگی پھیلانے پر 11 دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو دو دو ہزار روپے جرمانے کیے، جبکہ صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی پر 55 دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔ یہ کارروائیاں شہاب پورہ، کیپٹل روڈ، سرکلر روڈ، پسرور روڈ، لہائی بازار اور دیگر اہم شہری علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔اینٹی لٹرنگ سکواڈ نے گزشتہ تین روز کے دوران مجموعی طور پر 1600 مقامات کا معائنہ کیا۔ ان کارروائیوں کی نگرانی ایم ڈی ستھرا پنجاب مزمل حسین اور انچارج اینٹی لٹرنگ سکواڈ فہد جاوید نے کی۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے تحت شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کوڑا سڑکوں، گلیوں اور گھروں کے باہر پھینکنے سے گریز کریں اور کوڑا جلانے سے بھی باز رہیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، لہٰذا شہری اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور شہر کو صاف رکھنے میں ض ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔



