سیالکوٹ:سلیم احمد اعوان شیخو
صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب میاں ذیشان رفیق نے اپنے حلقہ انتخاب ڈسکہ کی اہم مرکزی شاہراہ بنک روڈ کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنماؤں، مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران، انجمن تاجران، یوتھ ونگ کے نمائندوں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈسکہ آمد پر صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ آتش بازی اور گھوڑوں کے رقص کے ساتھ ان کا شاندار خیرمقدم کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر شہر کی ترقی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ بنک روڈ کی تعمیر و بحالی ڈسکہ کے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری، نکاسی آب کے مؤثر نظام اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، تاکہ شہریوں اور تاجروں کو ایک بہتر اور پرسکون ماحول میسر آ سکے۔صوبائی وزیر نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بنک روڈ پر سیوریج اور ڈرینج سسٹم کی بہتری، آر سی سی اور کارپٹ روڈ کی تعمیر، سروس روڈ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، جدید لائٹس پولز، روڈ لائٹنگ، گرین بیلٹ کی تیاری اور بجلی کے پولز کی ری الائنمنٹ سمیت بیوٹیفکیشن کے مختلف کام مکمل کیے گئے ہیں۔ ان تمام اقدامات کا مقصد شاہراہ کو محفوظ اور خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ شہری آمدورفت اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانا ہے۔ ماضی میں بینک روڈ پر بارش کے دوران کئی کئی روز تک پانی کھڑا رہتا تھا، جس سے شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اب ان ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے اس اہم شاہراہ کے انفراسٹرکچر اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل نکال لیا گیا ہے۔میاں ذیشان رفیق نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ ڈسکہ میں بینک روڈ کے علاوہ سمبڑیال روڈ، جامکے روڈ اور ڈسکہ کلاں روڈ سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ تقریب کے دوران بڑی اسکرین پر شہر میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی ویڈیوز اور ڈیزائن بھی دکھائے گئے، جن کے ذریعے شرکاء کو منصوبوں کی نوعیت اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ ڈسکہ میں ٹراما سینٹر، اسپورٹس کمپلیکس اور پارک جیسے اہم منصوبے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ڈسکہ کی تعمیر و ترقی، شہری سہولیات میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کا یہ سفر پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ شہر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔


