واشنگٹن ڈی سی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ سیاست میں کسی پر بھی اعتماد نہیں کرتے، تاہم انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ اپنے تعلقات کو ’بہت اچھا‘ قرار دیا۔
ٹرمپ نے جمعرات کو امریکی قدامت پسند نیوز چینل نیوز میکس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سچ کہوں تو میں کسی پر بھی اعتماد نہیں کرتا۔ سیاست کی دنیا میں میں کسی پر بھی اعتماد نہیں کرتا۔‘
اس کے باوجود انہوں نے ایران کے خلاف دونوں ممالک کی فوجی شراکت داری کو ’بہت کامیاب‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ مہم 28 فروری کو شروع ہوئی تھی۔
ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حکام چاہتے ہیں کہ وہ 27 اکتوبر کو ہونے والے اسرائیلی انتخابات میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ چاہتے ہیں کہ میں ایسا کروں۔ اسرائیل کے لوگ کہتے ہیں کہ اگر میں وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب لڑوں تو مجھے 99 فیصد ووٹ مل جائیں گے۔‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس ہفتے کے آغاز میں ٹرمپ سے پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ نیتن یاہو کی حمایت کا اعلان کریں گے یا نہیں۔ نیتن یاہو طویل عرصے سے ٹرمپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتخابی مہم کا اہم حصہ بناتے رہے ہیں۔
منگل کو وائٹ ہاؤس کے لان میں صحافیوں کے سوال پر کہ کیا وہ کسی امیدوار کی حمایت کا ارادہ رکھتے ہیں، ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’ہم نے اس بارے میں سوچا بھی نہیں ہے۔‘
جب ایک صحافی نے انہیں یاد دلایا کہ وہ ماضی میں امیدواروں کی حمایت کرتے رہے ہیں تو ٹرمپ نے اس امکان کو رد نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’ممکن ہے ہم ایسا کریں۔ ممکن ہے میں کچھ کروں۔‘
نیتن یاہو کے لیے ممکنہ حمایت کی یہ بحث ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران کے خلاف جنگ کے حوالے سے دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
نتن یاہو سے تعلقات اچھے، لیکن اعتماد میں کسی پر بھی نہیں کرتا،صدر ڈونلڈ ٹرمپ

