اسلام آباد :پاکستانی فری لانسرز نے ستمبر 2026 میں 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کمائے، جو ایک ماہ کے دوران حاصل ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ برآمدی آمدنی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ستمبر میں فری لانسرز کی آمدنی گذشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 49 فیصد جبکہ اگست 2026 کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ رہی۔
مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران، فری لانسرز کی برآمدات تقریباً 55 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستانی فری لانسرز نے مجموعی طور پر ایک ارب 76 کروڑ ڈالر کمائے تھے۔
وزیرِ خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد عالمی منڈیوں میں اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے، جس سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ آمدنی قرضوں پر مبنی نہیں ہوتی بلکہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی خدمات کی بڑھتی ہوئی رسائی اور طلب کی عکاسی کرتی ہے۔

