اسلام آباد
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل میں امریکا، چین اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کی گہری دلچسپی ضرور پائی جاتی ہے، تاہم کسی بھی ملک کو کوئی کان (مائن) یا کان کنی کا ٹھیکا نہیں دیا گیا۔قومی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معدنی ذخائر اور قیمتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اُن ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کا حامی ہے جن کے ساتھ کام کرنا ملک کے مفاد میں محفوظ اور مفید ہو۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا کہ سوشل میڈیا یا دیگر حلقوں میں گردش کرنے والے وہ دعوے بالکل بے بنیاد اور غلط ہیں جن میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل یا مائنز کسی بیرونی طاقت بالخصوص امریکا کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

