اسلام آباد:نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے ادارے کی خاتون اسٹریس کونسلرز (Stress Counsellors) کے ساتھ ایک اہم اور خصوسی اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کے دوران سائبر ہراسانی، آن لائن بلیک میلنگ، انٹرنیٹ پر گالی گلوچ اور دیگر سائبر جرائم کا شکار ہونے والے شہریوں، بالخصوص خواتین کو فوری جذباتی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے میں اسٹریس کونسلرز کے بنیادی اور کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ کونسلنگ اور نفسیاتی سہارادینے کا عمل متاثرین کو خوف اور پریشانی کے سخت ترین مراحل سے نکلنے اور اپنا کیس مکمل اعتماد اور وقار کے ساتھ آگے بڑھانے میں بے حد مددگار ثابت ہوتا ہے۔اجلاس میں سائبر کرائم کے متاثرین کی مکمل بحالی (Victim Support)، ایجنسی کے اپنے عملے کی ذہنی صحت و بہبود (Staff Well-being) اور NCCIA کے ’وکٹم سینٹرڈ‘ (متاثرین کی ترجیح پر مبنی) رویے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کونسلنگ سروسز کے دائرہ کار کو مزید وسیع اور موثر بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی جی NCCIAسید علی ناصر رضوی کی خاتون اسٹریس کونسلرز سے ملاقات، سائبر ہراسانی کے متاثرین کی نفسیاتی معاونت پر زور

