سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
گوجرانوالہ میں پولیس کی غنڈہ گردی اور قانون شکنی کا ایک اور ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں پولیس چوکی عالم چوک کے سب انسپکٹر اور اس کے نٹیجے میں دیگر اہلکاروں نے محکمانہ رخصت پر آئے ہوئے حساس ادارے کے ملازم، اس کے دو بھائیوں اور بزرگ والد کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور حوالات میں بند کر دیا۔تفصیلات کے مطابق، جوان عبدالحق جو کہ ان دنوں محکمانہ رخصت پر اپنے آبائی علاقے آئے ہوئے تھے، جب فلک سٹی کالونی کے قریب موجود تھے تو پولیس چوکی عالم چوک کے سب انسپکٹر عمران چوہان نے اپنی پولیس وین پر وہاں پہنچ کر انہیں بلاوجہ غلیظ گالیاں دینا شروع کر دیں۔ عبدالحق کی جانب سے اپنا تعارف کروانے اور گالیاں دینے سے منع کرنے پر اشتعال انگیز سب انسپکٹر نے زبردستی انہیں پولیس وین میں ڈال لیا۔متاثرہ فوجی جوان کی آواز پر جب ان کے بھائی عامر، صابر اور والد ذوالفقار موقع پر پہنچے تو پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ بھی انتہائی نازیبا رویہ اختیار کیا۔ بعد ازاں مزید نفری طلب کرکے تمام افراد کو گرفتار کر کے پولیس چوکی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں حوالات میں بند کر کے پائپوں اور ڈنڈوں سے گھناؤنے انداز میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔واقعے کے بعد تھانہ اروپ پولیس نے متاثرہ فوجی جوان عبدالحق کی مدعی میں کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر عمران چوہان اور دیگر 5 پولیس ملازمین کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تاحال نامزد سب انسپکٹر یا کسی بھی دوسرے ملوث ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اس بہیمانہ واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ملوث پولیس اہلکاروں کو فوری گرفتار کر کے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


