سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
ڈسکہ کے علاقے محلہ اسلام خان میں اوورسیز پاکستانی کے گھر میں ہونے والی کروڑوں روپے مالیت کی چوری کی بڑی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا ۔ سیالکوٹ پولیس نے مرکزی ملزمہ خواتین کو کراچی سے گرفتار کر کے تمام مسروقہ سونا بحفاظت برآمد کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق اٹلی میں مقیم اوورسیز پاکستانی محمد فیاض ولد محمد صادق کے گھر 12 اگست 2026ء کو چوری کی ایک بڑی واردات پیش آئی تھی۔ متاثرہ شخص نے بغیر کسی سابقہ کوائف کی مکمل تصدیق اور شناخت کے دو خواتین کو گھریلو ملازمہ رکھا تھا، جو مبینہ طور پر موقع پا کر گھر سے قیمتی طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فونز چوری کر کے فرار ہو گئی تھیں۔ اس لرزہ خیز واردات کا مقدمہ فوری طور پر تھانہ سٹی ڈسکہ میں درج کیا گیا تھا۔واقعے کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے فوری نوٹس لیا اور ڈی ایس پی سرکل ڈسکہ ملک خدا بخش کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ ڈی پی او کی جانب سے پولیس ٹیم کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے گئے اور تفتیش کی پیشرفت کا مسلسل جائزہ لیا جاتا رہا۔ڈی ایس پی صدر سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈسکہ انسپکٹر نعمان بٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید تکنیکی ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر تفتیش کا آغاز کیا۔ پولیس ٹیم شواہد کی کڑی سے کڑی ملاتے ہوئے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کے سراغ لگاتی ہوئی بالآخر کراچی تک جا پہنچی، جہاں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران دونوں خواتین کو دبوچ لیا گیا اور ان کے قبضے سے 4 کروڑ روپے مالیت کا تمام 65 تولے سونا مکمل طور پر برآمد کر لیا گیا۔


