سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہیلپ ڈیسک کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلپ ڈیسک پر انتظامیہ کا عملہ تعینات ہوگا، جو صوبائی محکموں سے رابطہ، صنعتی یونٹس کو درپیش مسائل اور ضروری اجازت ناموں سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ‘ون ونڈو’ سلوشن فراہم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر خاور حسین سپال نے سپاسنامہ پیش کیا اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صولت وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین، سینئر نائب صدر اسد نصیر ملک، نائب صدر چودھری جہانگیر رشید، سابق صدور ماجد رضا بھٹہ، انجینئر خاور انور خواجہ، فیضان کپور اور ارشد لطیف بٹ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایوانِ صنعت و تجارت کے ساتھ مؤثر رابطہ اور قریبی تعاون یقینی بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتکاروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطہ کاری کے امور کی نگرانی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سیالکوٹ فوکل آفیسر ہوں گے۔ ہیلپ ڈیسک کے ذریعے شکایات متعلقہ محکموں تک پہنچائی جائیں گی اور ان کے جلد حل کے لیے پیروی کی جائے گی تاکہ کاروباری طبقے کو غیر ضروری دفتری کارروائیوں اور تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اویس مشتاق نے واضح کیا کہ متعلقہ محکمے الگ الگ نہیں بلکہ مشترکہ طور پر معائنہ کریں گے تاکہ صنعتکاروں کو بار بار اہلکاروں کی آمدورفت سے مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معائنے کے نظام کو منظم اور شفاف بنایا جائے، اور اس مقصد کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے تاکہ وزٹ اور انسپکشن کا ریکارڈ آسانی سے مرتب کیا جا سکے۔اجلاس میں شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ٹریفک مینجمنٹ اور ٹائپوگرافی سروے کے تحت شہر کے 15 اہم چوکوں اور پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جن پر مرحلہ وار بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہر کی خوبصورتی، اہم مقامات کی تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کے فروغ پر بھی زور دیا تاکہ مجموعی شہری منظرنامے کو بہتر بنایا جا سکے۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ، ایوانِ صنعت و تجارت اور متعلقہ محکموں کے درمیان مسلسل رابطے کے ذریعے صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول اور شہری انتظامی امور میں بہتری لائی جائے گی۔

