انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے گروپس کا اعلان کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ (گروپ اے) میں رکھا گیا ہے، جس کے باعث کرکٹ شائقین کو اس ٹورنامنٹ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان ممکنہ طور پر تین سنسنی خیز میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2027 کے لیے بارہ رکنی مین راؤنڈ کے دو گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔
گروپ اے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، افغانستان، شریک میزبان زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم پر مشتمل ہے۔
The #CWC27 groups are locked ⚡🔐
A cricketing extravaganza awaits! How to watch the schedule launch ➡️ https://t.co/Eod5GoN7zW pic.twitter.com/oVg7zVHLNF
— ICC (@ICC) October 1, 2026
گروپ بی میں شریک میزبان جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شامل کیا گیا ہے کہ جب کہ دوسری کوالیفائر ٹیم بھی اس گروپ کا حصہ بنے گی۔
ٹورنامنٹ کے مین راؤنڈ کا باقاعدہ آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن ہوگا جہاں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2003 میں جب جنوبی افریقہ نے آخری بار ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی، تب بھی فائنل انہی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
𝙈𝘼𝙍𝙆 𝙔𝙊𝙐𝙍 𝘾𝘼𝙇𝙀𝙉𝘿𝘼𝙍𝙎 🗓️
The ICC Men’s #CWC27 fixtures have been unveiled 🏆
Access the ticket ballot 🎫 https://t.co/MSLEQzcObb pic.twitter.com/dpTE4TEjO7
— ICC (@ICC) October 1, 2026
میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ نئے فارمیٹ کے تحت پہلے تین ٹیمیں ایک ’سپر سیریز‘ کھیلیں گی، جن میں سے ایک ٹیم 12 ٹیموں پر مشتمل فائنل گروپ اسٹیج میں جگہ بنائے گی۔ اس کے بعد 6، 6 ٹیموں کے دو گروپس بنیں گے اور دونوں گروپس کی 7 بہترین ٹیمیں ’سپر سیون‘ مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔
سپر سیون مرحلے کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی اور فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اور بھارت کے ایک ہی گروپ میں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک بار ابتدائی گروپ اسٹیج، دوسری بار ’سپر سیون‘ اور پھر سیمی فائنل یا فائنل میں بھی ٹکرا سکتی ہیں۔ٹائٹل جیتنے والی کسی بھی ٹیم کو اس طویل سفر میں 13 میچز (5 گروپ میچز، 6 سپر سیون میچز، سیمی فائنل اور فائنل) کھیلنے ہوں گے تاکہ بہترین ٹیم ہی چیمپئن بن کر ابھرے۔
میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ دیگر 8 ٹیمیں آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں اپنی پوزیشن کی بنیاد پر جگہ بنائیں گی۔
ورلڈ کپ 2027 میں باقی چار ٹیموں کا فیصلہ فروری اور مارچ 2027 میں ہونے والے کوالیفائنگ مقابلوں کے ذریعے ہوگا۔ ان ٹیموں کو شیڈول میں کوالیفائر 1، کوالیفائر 2، کوالیفائر 3 اور کوالیفائر 4 کے نام سے شامل کیا جائے گا۔
دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے علاوہ آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور امریکا پہلے ہی کوالیفائر مرحلے میں شرکت کے لیے یقینی ٹیموں میں شامل ہیں۔ مزید چار ٹیمیں جاری کوالیفائنگ مقابلوں کے نتائج کی بنیاد پر اس مرحلے میں شامل ہوں گی۔

