رائے گڑھ: مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں واقع مشہور سیاحتی مقام دیوے آگر ساحل (Diveagar Beach) پر ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں سمندر میں نہاتے ہوئے 8 طلبہ ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق طلبہ کا ایک گروہ ساحل پر تفریح کے لیے آیا ہوا تھا۔ سمندر میں نہانے کے دوران اچانک تیز لہروں کیزد میں آ کر طلبہ گہرے پانی میں چلے گئے اور خود کو سنبھل نہ سکے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور غوطہ خوروں نے موقع پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
مقامی غوطہ خوروں اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے ڈوبنے والے طلبہ کو سمندر سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے قانونی کارروائی اور لاپتہ افراد کی حتمی تلاش شروع کر دی ہے۔
حادثے کے بعد متعلقہ علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے سیاحوں کو سمندر کے خطرناک مقامات اور تیز لہروں سے دور رہنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔

