-
کاروباری برادری کے مسائل کا حل ترجیح ہے: صوابی چیمبر کے نو منتخب عہدیداران کا عزم
صوابی (حق نواز خان)
صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سال 2026-28ء کے لیے انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہو گئے۔ انتخابی عمل گدون میں واقع چیمبر کے مین آفس میں منعقد ہوا، جس میں کاروباری برادری نے جوش و خروش سے حصہ لے کر اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔
انتخابی نتائج کے مطابق محمد اسرار بلا مقابلہ صوابی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر منتخب ہو گئے، جبکہ ساجد خان شنواری سینئر نائب صدر اور محمد اجمل نائب صدر منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کی 18 نشستوں پر بھی اراکین کا کاملا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ واضح رہے کہ محمد سلمان خان 2018ء سے بطور جنرل سیکرٹری چیمبر میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد منعقدہ تقریب میں چیمبر کے بانی و گروپ لیڈر نے خصوصاً شرکت کی اور تمام نو منتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر نو منتخب صدر محمد اسرار اور دیگر عہدیداران نے کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تاجروں اور صنعت کاروں کے درپیش مسائل کے حل اور چیمبر کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بکار لائیں گے۔


