اسلام آباد :پولیو کے خاتمے کے لیے اسلام آباد میں قائم علاقائی ریفرنس لیبارٹری نے پاکستان میں 2026 کے پانچویں پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ کیس جنوبی خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں رپورٹ ہوا ہے۔
رواں سال سامنے آنے والے پانچ پولیو کیسز میں سے چار بنوں ڈویژن سے رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے تین کیسز صرف ضلع بنوں میں سامنے آئے۔
تازہ کیس بنوں ضلع کی تحصیل ڈومیل کی خندر خان خیل یونین کونسل سے تعلق رکھنے والی 17 ماہ کی ایک بچی کا ہے۔
پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کی ویب سائٹ کے مطابق 2025 کے دوران ملک میں پولیو کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں برس اب تک پانچ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق پولیو ایک انتہائی متعدی اور لا علاج بیماری ہے جو عمر بھر کی معذوری اور بعض صورتوں میں موت کا سبب بن سکتی ہے۔ تاہم پولیو ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔

