-
ایک سال گزر گیا لیکن سڑک نہ بن سکی، بارشوں میں شہریوں کا نکلنا محال: قاضی خالد محمود
ڈھڈیال (منور حسین سے)
قاضی ہاؤس میں معروف شخصیت قاضی خالد محمود سے ملاقات کی گئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیاست پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران "ابراہیم آباد تا ڈھوک بھال” روڈ کی عدم تعمیر کا معاملہ خصوصاً زیرِ بحث رہا۔ قاضی خالد محمود نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار مقامی ایم پی اے چوہدری محمد سلطان حیدر علی خان کو اس مسئلے سے آگاہ کیا ہے کہ ابراہیم آباد اور ڈھوک بھال کے رہائشی اس سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ خاص طور پر بارش کے دنوں میں شہریوں کے لیے گھروں سے نکلنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس روڈ کے ایک ہی وقت میں چار بار افتتاحی سنگِ بنیاد رکھے گئے، لیکن ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود تعمیراتی کام مکمل نہ ہو سکا اور کسی بھی سیاسی نمائندے نے اس عوامی مسئلے کی جانب کوئی عملی توجہ نہیں دی۔ اس موقع پر علاقائی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

