ہنگورجا (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)
ہنگورجا کے قریب گاؤں کینجھر منگنیجا روڈ کے مقام پر قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرالر نے تین موٹر سائیکل سواروں کو زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں مارواڑی برادری سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جبکہ ایک خاتون اور ایک مرد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف اور سوگ کی فضا چھا گئی۔
تفصیلات کے مطابق ہنگورجا قومی شاہراہ پر گاؤں کینجھر منگنیجا روڈ کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سواروں کو اچانک زوردار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکلوں پر سوار افراد سڑک پر گر پڑے، جبکہ ایک خاتون ٹرالر کے نیچے آکر کچلی گئی۔ حادثے میں بختون زوجہ ارجن مارواڑی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
حادثے میں صفوران زوجہ اَلو مارواڑی اور ایک مرد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد قومی شاہراہ سے گزرنے والے افراد اور مقامی رہائشی بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر سنبھالا، جبکہ جاں بحق خاتون کی لاش اور زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے رورل ہیلتھ سینٹر ہنگورجا منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے گمس اسپتال گمبٹ ریفر کردیا گیا۔
دوسری جانب حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور ٹرالر سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا، تاہم آخری اطلاعات تک حادثے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔
علاقہ مکینوں نے قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹرالرز اور دیگر بھاری گاڑیوں کی مبینہ لاپرواہی سے ڈرائیونگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے اور قومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے۔


