اٹک:پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاجی مارچ کے پیش نظر جہاں پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اٹک کے پل اور اس کےاطراف مزید رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں وہیں پشاور روڈ راولپنڈی سے اسلام آباد انٹری پوائنٹ روات ٹی چوک پر لگائے گئے کنٹیرز کو ہٹائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق جمعے کے روز ٹی چوک کے راستے اسلام آباد کے اندر آنے والے داخلی راستے کو ایل ٹی وی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور وہاں لگے تمام کنٹینرز اس راستے سے ہٹا دیے گئے۔
دوسری جانب اٹک کے پل کے اطراف سے ایسی ویڈیوز موصول ہو رہی ہیں جہاں مزید سخت رکاوٹیں کھڑی کر کے اسلام آباد آنے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ نے شہر کے داخلی، خارجی اور اہم راستوں پر سڑکوں کے کنارے سینکڑوں کنٹینرز لا کر رکھ دیے ہیں جنھیں بوقت ضرورت کھسکا کر سڑکوں کو بند کر دیا جائے گا جبکہ ڈی چوک کو کنٹینرز لگا کر پہلے ہی سیل کیا جا چکا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر وسطی پنجاب کے اضلاع سے گزرنے والے دو دریاؤں کے پُلوں کے اِردگرد سڑک کے کناروں پر کنٹینرز لا کر کھڑے کر دیے گئے ہیں جبکہ ان مقامات پر ریت اور مٹی سے بھری بوریاں بھی لائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے چار اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری کا نوٹیفیکیشن وزارت داخلہ نے جاری کر دیا تھا۔
وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور حکومت پنجاب کی درخواست پر رینجرز کی تعیناتی اور رینجرز کو قانونی اختیارات کے تحت مکمل معاونت کی اجازت دی ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکشن میں کہا گیا ہے کہ انتشاری اور مسلح جتھوں کے حملوں پر رینجرز اورپولیس مناسب اور ضروری جوابی ایکشن لے اور رینجرز اور پولیس کسی بھی پرتشدد سرگرمی یا خطرے سے نمٹنےکے لیے مکمل اقدامات کرے۔

