چکوال (رپورٹ: مہتاب نصیر اعوان) — پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ضلع چکوال میں غیر معیاری اور غیر محفوظ خوراک کی تیاری کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی چکوال مہتاب خان کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف ریوڑی پروڈکشن یونٹس کی اچانک انسپیکشن کی۔ کارروائی کے دوران ریوڑی کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کے معیار، صفائی ستھرائی، پروڈکشن ایریاز، حفظانِ صحت کے انتظامات اور فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعدد ریوڑی پروڈکشن یونٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مختلف یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کرنے کے ساتھ مجموعی طور پر 2 لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز مہتاب خان نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ خوراک تیار اور فروخت کرنے والے تمام کاروباری افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں، معیاری خام مال کے استعمال اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسانی صحت سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا غیر محفوظ طریقہ کار کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلع چکوال بھر میں فوڈ پوائنٹس اور پروڈکشن یونٹس کی باقاعدگی سے نگرانی جاری رہے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

