واشنگٹن:دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میٹا کی زیر ملکیت فیس بک اور انسٹاگرام اچانک بڑے پیمانے پر بند ہو گئے، جس کے باعث امریکا میں ہزاروں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آن لائن سروسز میں تعطل پر نظر رکھنے والے ادارے ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ (Downdetector) کے مطابق، تکنیکی خرابی کے باعث صارفین کو لاگ ان ہونے اور نیوز فیڈ ریفریش کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، مشرقی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 11 منٹ تک اکیلے فیس بک کی بندش سے متعلق 17 ہزار سے زائد شکایات موصول ہو چکی تھیں، جبکہ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام میں خرابی کی بھی 5 ہزار سے زائد رپورٹس درج کی گئیں۔
واضح رہے کہ ڈاؤن ڈیٹیکٹر صارفین کی جانب سے دی جانے والی رپورٹس کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے، اس لیے اس تکنیکی خرابی سے متاثر ہونے والے صارفین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی جانب سے پوچھے جانے پر میٹا کے ترجمان کی طرف سے فوری طور پر کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا، تاہم چند گھنٹوں کے اندر دونوں پلیٹ فارمز پر سروسز بحال ہونا شروع ہو گئیں۔
”میٹا“کو بڑا دھچکا: فیس بک اور انسٹاگرام اچانک بند، ہزاروں صارفین متاثر

