نورپور تھل ( راجہ نورالٰہی عاطف)
کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کا بنیادی راز معیاری تعلیم میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے دی ایکسپرٹ کالج نورپور تھل کے زیرِ اہتمام ایک اہم اور کامیاب تعلیمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار میں سرحد یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایاز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپور تھل ظہیر عباس بھٹی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کی صدارت ادارہ ہٰذا کے پرنسپل ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو نے کی۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ کرام، نمائندہ والدین اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کی اہم خصوصیات اور اہم نکات درج ذیل ہیں طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع، خصوصاً ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس پروگرامز کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئیں۔ سرحد یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایاز نے نورپور تھل کے طلبہ کے لیے خصوصی مراعاتی پیکیج کا اعلان بھی کیا۔پرنسپل ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں روزانہ کی کلاسز کے ساتھ ساتھ ہفتہ وار اور فاصلاتی نظامِ تعلیم (Distance Learning) کے تحت بھی سہولیات میسر ہیں۔ پرنسپل نے اعادہ کیا کہ نونہالانِ وطن کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بھرپور طریقے سے بروئے کار لائے جائیں گے۔تقریب میں مقررین نے زور دیا کہ نورپور تھل کے باصلاحیت نوجوانوں کو مناسب رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ قومی سطح پر اپنا اور علاقے کا نام روشن کر سکتے ہیں۔


