سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈسکہ روڈ پر واقع گاؤں کے مکینوں نے سرکاری عدم توجهی سے تنگ آ کر اپنی مدد آپ کے تحت راستے کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکہ روڈ پر واقع حلقہ پی پی 52 میں اڈا شبیر پور کے مین راستے کی خستہ حالی کے باعث اہل علاقہ اور بالخصوص اسکول کے بچوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ حلقے سے ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) حنا ارشد وڑائچ کی مسلسل عدم دلچسپی اور مسئلے کی جانب توجه نہ دینے پر گاؤں کے مکینوں نے خود ہی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
گاؤں کے مکینوں، جن میں چودھری علی الیاس ایڈوکیٹ، رفعت شاہ اور علاقے کی دیگر اہم شخصیات شامل ہیں، نے باہمی تعاون سے فنڈز اکٹھے کیے اور راستے کی باقاعدہ تعمیر کا کام شروع کر دیا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی پر انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ بچوں اور عام شہریوں کی سفر میں دشواری کو ختم کیا جا سکے۔


