سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کمشنر روڈ پر 35 کنال رقبے پر زیرِ تعمیر 300 بستروں پر مشتمل نئے ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی پیش رفت اور درپیش مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ منصوبے پر تقریباً 9 ارب روپے لاگت آئے گی، جس کا سنگِ بنیاد مئی 2026ء میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، صوبائی وزیر محنت محمد منشاء اللہ بٹ اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے رکھا تھا۔ہسپتال میں او پی ڈی، میڈیکل و سرجیکل آئی سی یو کے علاوہ 28 بستروں پر مشتمل مخصوص پلاسٹک سرجری اور برن یونٹ بھی شامل ہے۔ یہ نیا ہسپتال گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال (منسلک خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج) کی طبی سہولیات کو مزید وسعت دینے کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے تاکید کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری صحتی سہولیات کی بروقت فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے تعمیراتی معیار پر بغیر کسی سمجھوتے کے کام کی رفتار تیز کرنے اور حائل رکاوٹوں کو فوری حل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔


